شادی کےبعدسارہ خان کاپہلاانسٹاپیغام
چٹ منگنی پٹ بیاہ کی مثل پرپورا اترنے والی اداکارہ سارہ خان نے شادی کے بعد اپنے پہلے پیغام میں فالوورز اورتقریبات کا اہتمام کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے جذبات کااظہار کیا ہے۔
اس سے قبل اداکارہ اپنی شادی کی تصاویرشیئرکررہی تھیں لیکن اب انسٹا پوسٹ میں انہوں نے مداحوں سے ملنے والے پیار اور نیک تمناؤں کیلئے شکرگزاری ظاہرکی ہے۔
اداکارہ نے لکھا ’’میں اتنی زیادہ عزت اورآپ سب کے پیار کیلئے اللہ تعالیٰ کی بیحد شکرگزار ہوں، بےشک عزت دینے والا خدا ہے‘
شادی کو تصورات سے بھی زیادہ اچھا بنانے پر سارہ نے تمام ڈیزائنرز اور میک اپ ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا ’’ 14 جولائی کو اپنی سالگرہ سے لے کرنکاح کے دن 16 جولائی تک میں ہرلمحے سے لطف اندوزہوئی‘‘۔
سارہ خان نے شادی کی چاروں تقریبات کو خوبصورت اور یادگار والی عائشہ ظفر کیلئے لکھا ’’ میری بہن کا خصوصی شکریہ، تم میرے تصورات سے بھی زیادہ بہترین ویڈنگ پلانرہو، ہم نے تم پراعتماد کیا اور تم نے ہمارا اعتماد جیت لیا‘‘۔
انہوں نے اپنی زندگی کے یادگارترین لمحات کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنے والے فوٹوگرافر عبدالصمدضیاء کا بھی شکریہ ادا کیا۔
سارہ خان اور گلوکار فلک شبیرکے اچانک شادی کرنے سے دونوں کے مداحوں کو خاصی حیرت ہوئی تھی، 14 جولائی کو منگنی کے اعلان کے بعد اگلے ہی روز شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا اور دونوں نے 17 جولائی کو کراچی میں زندگی کے نئے سفر کاآغاز کیا
جوڑے کے ایونٹ مینیجر نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس ویڈیو سمیت شادی کی متعدد تصاویر شیئر کی ہیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل سارہ خان نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ انہوں نے شادی کے لیے ہاں کردی ہے، اس کے بعد انہوں نے اچانک ہی اپنے منگیتر کا نام ظاہر کیا اور پھر یکایک دونوں کی شادی کی مختلف تقاریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں۔
پے در پے ان سرپرائزز پر سارہ خان کے مداح حیران ہونے کے ساتھ ساتھ بے حد خوش بھی ہوئے۔ فنکار برادری کی جانب سے بھی دونوں کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

0 Comments