پاکستان میں حالات دنیا کے دوسرے ممالک کی نسبت قابو میں ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام اگر کوروناوائرس کی علامات محسوس کریں تو فوری اور بلا خوف ٹیسٹ کے لیے رجوع کریں، ابھی پاکستان میں حالات دنیا کے دوسرے ممالک کی نسبت قابو میں ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء صحت نے اپنے صوبوں میں کورونا وائرس کی صورتحال، ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال سے متعلق جبکہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت و سہولت کے اقدامات، کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافے کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں چیئرمین نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس ڈاکٹر نوشیروان برکی، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی شرکت جبکہ صوبائی یوزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائ وزیر صحت خیبر پختونخواہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کوویڈ-19 ڈاکٹر فیصل اور سینئر افسران کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کوویڈ-19 ڈاکٹر فیصل نے ملک کے مختلف صوبوں اور علاقوں میں کورونا وائرس کے متاثرین کے اعدادوشمار سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان دوسرے ممالک کی نسبت کورونا وائرس سے کم متاثر ہوا ہے، مارچ کی نسبت کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ لیبز کی تعداد کو 4 سے بڑھا کر 63 تک لے جایا جا چکا ہے۔

0 Comments